10 مئی 2015 - 06:46
اقوام متحدہ کی حمایت، روسی صدر کی تاکید

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں اعلان کیا ہے کہ روس، بین الاقوامی مسائل کے حل میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کرتا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز قصر کرملین میں بان کی مون سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا ہے کہ عالمی مسائل میں اقوام متحدہ کا کردار، بڑھتا جارہا ہے اور اس کردار کو مستحکم کئے جانے کی ضرورت ہے- انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ روس، اہم علاقائی و عالمی مسائل کے حل میں اقوام متحدہ کے اقدامات کی حمایت کرنے کے لئے آمادہ ہے- ولادیمیر پوتن نے عالمی سطح پر امن کی برقراری کے لئے اقوام متحدہ کے موثر اقدامات پر بان کی مون کی قدردانی بھی کی- روسی صدر نے ماسکو میں منعقدہ دوسری عالمی جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابی کی تقریب میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی شرکت کے بارے میں کہا کہ یہ ایک سنجیدہ اقدام ہے اسلئے کہ دوسری عالمی جنگ میں جرمن نازیوں پر کامیابی حاصل کرنے والے ملکوں کے ہاتھوں ہی اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آیا ہے- ولادیمیر پوتن نے کہا کہ اقوام متحدہ، اس لئے قائم ہوئی ہے کہ دنیا میں اس قسم کے ناگوار واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں- اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بین الاقوامی اقدامات میں، روس کے کردار کو قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیا اور اس عالمی ادارے کے ساتھ روس کے تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کیا-

.......

/169